Sunday, September 8, 2024

کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی کلب النصر کو سیزن کی پہلی ٹرافی جتوا دی

کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی کلب النصر کو سیزن کی پہلی ٹرافی جتوا دی
August 13, 2023 ویب ڈیسک

جدہ (92 نیوز) - کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی کلب النصر کو سیزن کی پہلی ٹرافی جتوا دی۔ کنگ سلمان کپ کے فائنل میں النصر نے الہلال کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ دونوں گول اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے کیے۔ جیت کے بعد شاندار جشن منایا۔

کنگ فہد اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں النصر کی حریف ٹیم الہلال کے خلاف رونالڈو کی ٹیم نے 1-2 سے کامیابی سمیٹی اور ٹیم کو پہلا عرب کلب چیمپئنز کپ ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ میچ میں ٹکر ہونے کے باعث کرسٹیانو رونالڈوکوباہربھی جانا پڑا تاہم پھر وہ واپس آئے۔ دونوں گول اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے کئے اور جیت کے بعد پوری ٹیم نے بھرپورجشن منایا۔

دوسری جانب النصر کی فتح کے بعد رونالڈو نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ پہلی بار یہ اہم ٹرافی جیتنے والی ٹیم کی مدد کرنے پر بے حد فخر ہے، کلب میں ان تمام لوگوں کا شکریہ جو اس عظیم کامیابی میں شامل تھے۔اس موقع پر اسٹار فٹبالر نے مداحوں کا بھی شکریہ ادا کیا اور لکھا کہ شاندار حمایت کرنے پر آپکا مشکور ہوں، یہ کپ ہم سب کا ہے۔

اس ٹورنامنٹ میں خطے کے سرفہرست عرب کلب کھیلتے ہیں، جس میں سعودی عرب کے علاوہ متحدہ عرب امارات، عراق، مراکش، تیونس اور الجزائر کی ٹیمیں شامل تھیں۔