Thursday, April 18, 2024

کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیم پرتگال نے گھانا کو تین دو سے شکست دے دی

کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیم پرتگال نے گھانا کو تین دو سے شکست دے دی
November 25, 2022 ویب ڈیسک

دوحہ (92 نیوز) - کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیم پرتگال نے گھانا کو دلچسپ مقابلے کے بعد تین دو سے شکست دے دی۔

فیفا ورلڈ کپ  میں  پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو   کا جادو چل گیا۔ پرتگال  نے دلچسپ مقابلے کے بعد  گھانا  کو شکست دے دی ۔ پہلے ہاف میں کمزور نظر آنے والی  ٹیم گھانا نے دوسرے ہاف میں   حیران کر دیا۔

میچ کے آغاز سے ہی پرتگال  کی ٹیم  گھانا پر  حاوی نظر آئی ،  پہلے ہاف میں گھانا  کے کھلاڑی پرتگال  کے   پنالٹی ایریا میں بھی داخل نہ ہو سکے، گھانا ٹورنامنٹ کی پہلی ٹیم بن گئی جو  پہلے   45 منٹ میں مخالف ٹیم کے پنالٹی ایریا میں داخل  ہونے میں ناکام رہی۔

اصل ڈرامہ دوسرے ہاف میں شروع ہوا، پرتگال کے سپر اسٹار فٹبالر  کرسٹیانو رونالڈو نے 65 ویں منٹ پر پنالٹی کک پر گول  کر کے اپنی ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلائی، اس کے ساتھ ہی  رونالڈو 5 ورلڈ کپ ایونٹس  میں گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بن  گئے۔

پرتگال کی برتری زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی جب گھانا  کے اینڈری ایو نے  8 منٹ بعد ہی  گول کر کے میچ کو ایک ایک سے برابر کر دیا۔

میچ برابر ہونے کے بعد پرتگال کے کھلاڑیوں نے جارحانہ انداز جاری رکھا، 78 ویں منٹ میں   پرتگال کے جواؤ فیلکس نے گول کر کے ایک بار پھر اپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلائی۔

دو منٹ بعد ہی  رافیل لیو نے ایک اور گول کر کے اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مضبوط کر دیا اور پرتگال کو تین ایک کی  برتری حاصل ہو گئی۔

میچ کے آخری لمحات میں گھانا کے  عثمان بخاری نے  گول کر کے   مقابلے کو مزید دلچسپ بنایا لیکن  پرتگال  نے  گھانا کے خلاف  2  کے مقابلے  تین گول سے فتح حاصل کر لی۔

اس سے پہلے جنوبی کوریا اور یوراگائے کے درمیان ہونے والا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا جبکہ سوئٹرز لینڈ  نے کیمرون ایک صفر سے  شکست دی۔