Tuesday, April 23, 2024

کرنل ریٹائرڈ ہاشم ڈوگر نے وزیر داخلہ پنجاب کے عہدے سے استعفی دے دیا

کرنل ریٹائرڈ ہاشم ڈوگر نے وزیر داخلہ پنجاب کے عہدے سے استعفی دے دیا
October 12, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - کرنل ریٹائرڈ ہاشم ڈوگر نے وزیر داخلہ پنجاب کے عہدے سے استعفی دے دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کو دئیے گئے استعفے میں ہاشم ڈوگر نے ذاتی وجوہات اور صحت کے مسائل کو مستعفی ہونے کی وجہ قرار دیا۔

سیاسی مبصرین کے نزدیک ہاشم ڈوگر کا استعفیٰ بالکل غیرمتوقع نہیں، کئی ہفتوں سے ہاشم ڈوگر کے استعفے کی افواہیں گردش کر رہی تھیں۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکن بطور وزیرداخلہ ہاشم ڈوگر کی کارکردگی سے مطمئن نہیں تھے۔

ہاشم ڈوگر کی وزارت کو سب سے پہلے اس وقت اپنی پارٹی کے اندر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا جب شہباز گل پر پنڈی کی اڈیالہ جیل میں مبینہ طور پر شدید تشدد ہوا۔ پی ٹی آئی کارکنوں کا کہنا تھا کہ ہاشم ڈوگر اس تشدد سے لاعلم رہے یا انہوں نے اس سے دانستہ چشم پوشی کی ہرصورت میں انہیں اس سے بری الذمہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔ اس واقعہ کے بعد سے ہی ہاشم ڈوگر کا ستارہ گردش میں تھا۔

25مئی کو تحریک انصاف کے کارکنوں پر تشدد کرنے والے پولیس افسروں کے خلاف ٹھوس کارروائی نہ ہونے پر بھی پی ٹی آئی کے کارکن ہاشم ڈوگر سے ناراض تھے۔ ہاشم ڈوگر کا موقف تھا کہ تحقیقاتی کمیٹی کے بغیر ان پولیس افسروں اور اہلکاروں کےخلاف کارروائی نہیں ہو سکتی۔

پنجاب میں سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کے خلاف ایف آئی اے کی کارروائی اور پکڑدھکڑ میں پنجاب پولیس کے تعاون نے ہاشم ڈوگر کے خلاف جلتی پر تیل کا کام کیا۔ اس واقعے پرعمران خان بھی خاصے برہم ہوئے۔

لانگ مارچ کے شرکا کو کوئی حکومتی سپورٹ نہ دینے کا بیان بھی ہاشم ڈوگر کے گلے پڑ گیا جس پر وزیراعلیٰ پنجاب بھی کافی برہم دکھائی دئیے۔

ہاشم ڈوگر نے اپنے استعفے میں کہا ہے کہ وہ بطور ورکر پی ٹی آئی میں کام جاری رکھیں گے۔ ہاشم ڈوگر کے بعد پنجاب کا نیا وزیرداخلہ کون ہو گا اب تمام نظریں اس پر ہیں۔