نئی دہلی (ویب ڈیسک) – افغانستان نے انگلینڈ کو ہرا کر ورلڈکپ کا بڑا اپ سیٹ کردیا، افغان ٹیم نے 69 رنز سے فتح سمیٹی۔
بھارتی شہر نئی دہلی کے ارون جیٹلی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کی ٹیم 285 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 40.3 اوورز میں 215 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی، ہیری بروک 66 اور ڈیوڈ میلان 32 رنز کے علاوہ کوئی برطانوی بلے باز افغان باؤلنگ کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کرسکا۔
اوپنر جونی بیرسٹو 2، جو روٹ 11، کپتان جوز بٹلر 9، عادل رشید 20، لیام لیونگ اسٹون اور سیم کوران 10، 10 رنز جبکہ مارک ووڈ 18 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ریس ٹوپلی 15 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان اور راشد خان نے 3، 3، محمد نبی نے 2 جبکہ فضل الحق فاروقی اور نوین الحق نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل انگلینڈ کیخلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان کی پوری ٹیم آخری اوور میں 284 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
انگلینڈ کیخلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغان اوپنرز نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اچھا آغاز فراہم کیا، تاہم 16 ویں اوور کی چوتھی گیند پر 114 رنز کے مجموعی سکور پر افغانستان کی پہلی وکٹ گری جب ابراہیم زدران 28 رنز پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
رحمت شاہ 3 رنز بنا کر عادل رشید کی گیند پر سٹمپ آؤٹ جبکہ اوپنر رحمان اللہ گرباز 57 گیندوں پر 80 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ عظمت اللہ عمرزئی 24 گیندوں پر 19 رنز اور کپتان حشمت اللہ شاہدی نے 36 گیندوں پر 14 رنز بنائے۔ اکرام علی خیل 58، محمد نبی 9، راشد خان 23، مجیب الرحمان 28 ، نوین الحق 5 رنز بنا کر چلتے بنے۔
انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید نے 3، مارک ووڈ نے 2 جبکہ لیام لیونگسٹون، ریس ٹوپلی اور جو روٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔