Saturday, April 20, 2024

کرائے کے ترجمان کل عمران خان کیساتھ نظر نہیں آئینگے، مریم اورنگزیب

کرائے کے ترجمان کل عمران خان کیساتھ نظر نہیں آئینگے، مریم اورنگزیب
February 11, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کہتی ہیں کہ کرائے کے ترجمان کل عمران خان کے ساتھ نظر نہیں آئیں گے۔

جمعہ کے روز نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے تمام توجہ صرف اپوزیشن پر لگائی ہوئی ہے، نئے مشیر کو دفتر میں بلا کر کہا گیا شہبازشریف کو جلد سے جلد جیل بھیجو۔

مریم اورنگزیب بولیں کہ ‏آج تک شہبازشریف کے خلاف ایک کیس بھی ثابت نہ ہوسکا۔ پاکستانی، برطانوی عدالتیں کہہ رہی ہیں شہبازشریف نے کرپشن یا کوئی بدعنوانی نہیں کی۔

اُنہوں نے کہا کہ عمران خان نے انصاف کی دھجیاں اڑا دیں، بشیر میمن کو کرپشن کیسز نہ بنانے کی وجہ سے فارغ کیا گیا۔ عمران خان ملکی مسائل کے حل کے لیے صرف ترجمانوں کا اجلاس بلاتے ہیں۔

عوام کو معاشی تباہی کا سامنا ہے، عوام کو ریلیف دینے والی تمام وزارتیں کل فیل ہوگئیں۔ عمران خان خود اور ان کے تمام وزرا بھی فیل ہیں۔ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر مشاورت جاری ہے۔