Friday, April 19, 2024

کراچی ٹیسٹ پر کینگروز کی پوزیشن مستحکم، پاکستانی بیٹنگ لائن کا فلاپ شو

کراچی ٹیسٹ پر کینگروز کی پوزیشن مستحکم، پاکستانی بیٹنگ لائن کا فلاپ شو
March 14, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - پاک آسٹریلیا دوسرے کراچی ٹیسٹ پر کینگروز کی پوزیشن مستحکم ہوگئی، تیسرے روز کھیل کے اختتام پر مہمان ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر 81 رنز بنا لیے۔ پاکستان کی پہلی اننگز میں بیٹنگ ناکام پوری ٹیم 148 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستانی بیٹنگ لائن کا فلاپ شو، آسٹریلین باؤلرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ پاکستانی بلے بازوں کی تو چل میں آیا کی رویت برقرار رہی، پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 148 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

آسٹریلیا کے پہاڑ جیسے 556 رنز کے سامنے پاکستان کا آغاز اچھا نہ تھا اور 26 رنز کے مجموعی اسکور پر عبداللہ شفیق 13 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

اظہر علی اور امام الحق بھی وکٹ پر زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے، امام الحق 20 اور اظہر علی 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ فواد عالم اور حسن علی کھاتہ ہی نہ کھول سکے اور بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

محمد رضوان اور فہیم اشرف بھی کوئی کمال نہ دکھا سکے، وکٹ کیپر بیٹسمین 6 اور فہیم اشرف 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

کپتان بابر اعظم نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور 36 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی نے کچھ مزاحمت دکھائی اور ٹیم کا اسکور 148 رنز تک پہنچایا۔ 

آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے 3 اور مچل سویپسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

آسٹریلیا کی ٹیم نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر 81 رنز بنالیے، اوپنر ڈیوڈ وارنر 7 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، پہلی اننگز کے سنچری میکر عثمان خواجہ 35 جبکہ مارنس لیبوشگن 37 رنز بناکر کریز پرموجود ہیں۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے پہلی اننگز 556 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کی تھی۔