Tuesday, April 23, 2024

کراچی ٹیسٹ، نیوزی لینڈ نے دوسرے دن بغیر کسی نقصان کے 165 رنز بنالیے

کراچی ٹیسٹ، نیوزی لینڈ نے دوسرے دن بغیر کسی نقصان کے 165 رنز بنالیے
December 27, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - پاکستان اورنیوزی لینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز کیوی ٹیم نے بغیرکسی نقصان کے 165 رنز بنالیے، پاکستان ٹیم پہلی اننگز میں 438 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

کیوی بلے بازوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کردی، اوپنرز ڈیون کونوے 82 اور ٹام لیتھم 78 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔

اس سے پہلے پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 438 رنز بناکرآؤٹ ہوگئی، پاکستان نے دوسرے دن کے کھیل کا آغاز 317 رنز پر 5 وکٹوں کے نقصان پر کیا، کپتان بابر اعظم مزید کوئی رنز بنائے بغیر 161 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان  کے آغا سلمان نے بھی شاندار  بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کی، وہ 103 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اعجاز پٹیل مائیکل بریس ویل اور ایش سوڈی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔