Wednesday, April 24, 2024

کراچی ٹیسٹ، کیویز کی پہلی اننگز 612 رنز پر ڈکلیئیر، پاکستان کے دوسری اننگز میں 2 وکٹ پر 77 رنز

کراچی ٹیسٹ، کیویز کی پہلی اننگز 612 رنز پر ڈکلیئیر، پاکستان کے دوسری اننگز میں 2 وکٹ پر 77 رنز
December 29, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - کراچی ٹیسٹ میں کیویز ٹیم نے پہلی اننگز 612 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئیر کردی، کین ولیمسن نے ناقابلِ شکست ڈبل سنچری سکور کی، مہمان ٹیم کو پاکستان کے خلاف 174 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔ پاکستان نے دوسری اننگز میں 2 وکٹ پر 77 رنز بنالیے۔

کراچی ٹیسٹ کے چوتھے روز نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پہلی اننگز 440 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ سے آگے بڑھائی، 7 ویں وکٹ 595 کے مجموعی سکور پر ایش سودی کی گری، وہ 65 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد ٹم ساؤتھی اور نیل ویگنر اوپر تلے آؤٹ ہوئے۔

کین ولیمسن کی ڈبل سنچری مکمل ہوتے ہی نیوزی لینڈ نے 612 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئیر کی، کین ولیمسن 200 جبکہ اعجاز پٹیل صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔ مہمان ٹیم کو پاکستان کے خلاف 174 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔

پاکستان کی جانب سے لیگ سپنر ابرار احمد نے 5 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا، نعمان علی نے 3 جبکہ محمد وسیم ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

کیویز ٹیم کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے 3، اعجاز پٹیل، مائیکل بریسویل اور ایش سودی نے 2، 2 جبکہ نیل ویگنر نے وکٹ حاصل کی۔

174 رنز خسارے کے ساتھ پاکستان نے دوسری اننگز شروع کی، چوتھے روز کھیل ختم ہونے پر قومی ٹیم نے 2 وکٹوں پر 77 رنز بنالیے، اوپنر امام الحق 45 رنز جبکہ نائٹ واچ مین نعمان علی 4 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔  اوپنر عبداللہ شفیق 17 اور شان مسعود 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کو 97 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے مائیکل بریسویل اور ایش سودی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل قومی ٹیم پہلی اننگز میں 438 رنز بناکر آل آؤٹ ہوئی، کپتان بابر اعظم 161، سلمان آغا 103 اور سرفراز احمد 86 رنز بناکر ٹاپ سکورر رہے۔