Tuesday, April 23, 2024

کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش

کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش
August 24, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔ بارشوں اور سیلاب نے گاؤں کے گاؤں اجاڑ دئیے۔

شہرقائد مکمل طور پر بادلوں کی لپیٹ میں ہے۔ وقفے وقفے سے کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہو رہی ہے۔ گلش حدید، قائدآباد، لانڈھی، کورنگی، ملیر اور شاہ فیصل کالونی میں خوب بادل برسے۔ گلستان جوہر، گلشن اقبال، عزیزآباد، نیوکراچی، اورنگی ٹاون اور بلدیہ ٹاون میں بھی بارش ہوئی۔ کھارادر، لیاری، کیماڑی، رنچھوڑلائن، محمودآباد، ڈیفنس اور کلفٹن میں بھی جل تھل ایک ہو گیا۔

بارش کی وجہ سے کئی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔ گلی محلوں میں چلنا بھی دشوار ہو گیا۔ سڑکیں زیرآب آنے سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔

سندھ حکومت نے گذشتہ روز ہی تعلیمی ادارے دو دن کے لئے بند رکھنے کا اعلان کر دیا تھا جس کی وجہ سے لاکھوں بچے پریشان ہونے سے بچے گئے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا سلسلہ کل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔