Friday, May 3, 2024

کراچی سے خیبر تک مہنگائی کا طوفان، غریب پریشان، اشیائے خورونوش پہنچ سے باہر

کراچی سے خیبر تک مہنگائی کا طوفان، غریب پریشان، اشیائے خورونوش پہنچ سے باہر
January 8, 2023 ویب ڈیسک

کراچی/لاہور (92 نیوز) - ہائے رے مہنگائی، کراچی سے خیبر تک ایک ہی دہائی، سستے بازاروں میں بھی مہنگائی کا طوفان ہے، غریب پریشان ہوگئے، اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو پر لگ گئے۔

چکن کے دام 700 روپے تک پہنچ گئے، فی درجن انڈے 295 روپے میں دستیاب ہیں۔ ادرک اور لہسن چار سو روپے میں بکنے لگا، بھنڈی 240، پیاز 220، سبز مرچ کی قیمت 125 روپے ہو گئی، پھل بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور، سیب 280، انار 350 اور انگور 240 روپے فی کلو میں فروخت ہونے لگے۔

ادھر لاہور میں بڑھتی مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکال دیں، آٹے اور چکن کے ساتھ سبزیاں اوردالیں بھی غریب کی قوت خرید سے باہر ہونے لگیں۔ مارکیٹ میں سرکاری نرخ ناموں کے بجائے دکاندار منہ مانگے داموں پر سبزیاں اور پھل فروخت کر رہے ہیں۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں اس وقت چکی آٹا 160 جبکہ مرغی کا گوشت 572 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ سبزیوں کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں، ہانڈی کا لازمی جزو سمجھے جانے والا پیاز ابھی بھی 210 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔

ادرک 370، لہسن 300 اور سبز مرچ کی سرکاری قیمت 125 روپے فی کلو مقرر ہے لیکن دکاندار منہ مانگے دام وصول کر رہے ہیں۔ ٹماٹر اور مٹر کی سرکاری قیمت70  روپے مقرر ہے لیکن مارکیٹ میں اس قیمت پر کہیں بھی دستیاب نہیں۔

خریداری کیلئے آئے شہری کہتے ہیں دو وقت تو دور ایک وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل تر ہونے لگا ہے۔

ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹیاں بھی مارکیٹ سے مکمل طور پر غائب ہیں۔

دوسری جانب ملتان کے اتوار بازاروں میں بھی سبزیوں، پھلوں اور چکن کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہوگیا۔ مرغی کے گوشت کی قیمت نے 6 چھ سو روپے کا ہندسہ عبورکرلیا جبکہ کیلا 180 روپے فی درجن فروخت ہو رہا ہے۔

ملتان کے سستے بازار بھی سستے نہ رہے، اتوار بازاروں میں پھل، سبزیوں اور چکن کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔

اتوار بازاروں میں مرغی کا گوشت 600 روپے سے تجاوز کر گیا، موسمی سبزیاں بھی 100 روپے سے 150 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہیں۔

پھلوں میں کیلا 180 روپے درجن، سیب 300، انار 350 روپے جبکہ مالٹا 110 روپے فی کلو میں فروخت کئے جارہے ہیں۔

سبزیوں میں پیاز کی قیمت کم ہونے کا نام نہیں لے رہی، پیاز 240 روپے جبکہ لہسن 380 اور ادرک ساڑھے تین سو روپے فی کلو تک فروخت کیا جارہا ہے۔

شہریوں نے حکومت سے اشیائے خورونوش ، سبزیوں اور پھلوں کی قیمتو ں پرقابو پانے کا مطالبہ کیا ہے۔