Wednesday, April 24, 2024

کراچی سے آنے والی گرین لائن ٹرین کو نواب شاہ کے قریب حادثہ، دو بوگیاں پٹڑی سے اتریں

کراچی سے آنے والی گرین لائن ٹرین کو نواب شاہ کے قریب حادثہ، دو بوگیاں پٹڑی سے اتریں
January 14, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) کراچی سے آنے والی گرین لائن ٹرین کو نواب شاہ کے قریب حادثہ پیش آیا۔ دو بوگیاں پٹڑی سے اتر یں۔ 6 مسافر شدید زخمی ہوئے۔

لگژری سہولیات سے آراستہ گرین لائن ٹرین  بھی سفر کیلئے خطرناک ہو گئی۔ کراچی سے پنجاب جانے والی مسافر ٹرین نوشہروفیروز پڈعیدن کے قریب حادثے سے بال بال بچ گئی۔ دو بوگیاں پٹری سے اتر کر ٹریک پر تین کلو میٹر تک رگڑتی رہیں۔ ٹرین کا عملہ مسافروں کو بے یارومددگار چھوڑ کر بھاگ گیا۔

حادثہ گزشتہ شب پیش آیا تھا۔ ریلوے حکام کے دعوے کو کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود ریلیف ٹرین تاحال جائے وقوعہ پرنہ پہنچ سکی۔ حادثے کے باعث سکھر اور خیبر میل ایکسپریس کو مختلف اسٹیشنوں پر روک لیا گیا ہے۔ مسافر شدید سردی میں ٹھٹھر رہے ہیں۔

ریلوے حکام کا کہنا ہےکہ اپ ٹریک کی بحالی میں چھ سے آٹھ گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ ٹریک کی بحالی کے لیے ہیوی مشینری پہنچ گئی ہے۔ مختلف اسٹیشنوں پر روکی گئی ٹرینوں کو منزل کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے۔