Sunday, September 8, 2024

کراچی میں تیز ہوائیں اور جھکڑ، گردوغبار کا طوفان، حادثات میں 5 افراد جاں بحق

کراچی میں تیز ہوائیں اور جھکڑ، گردوغبار کا طوفان، حادثات میں 5 افراد جاں بحق
January 21, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) کراچی میں تیز رفتار سے ہوائیں چل پڑیں، طوفانی ہواؤں کے باعث دیواریں گرنے اور دیگر حادثات میں بچے سمیت 5 افراد جاں بحق اور موٹر سائیکلیں سلپ ہونے سے متعدد زخمی ہوگئے۔ 

کراچی میں دوپہر 12 بجے کے بعد شروع ہونے والا تیز ہواؤں کا سلسلہ تاحال برقرار ہے۔ شہرِقائد میں 50 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوا سے گردوغبار کا طوفان پیدا ہوا۔

محکمہ موسمیات نے تیز ہواؤں کے باعث شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کردی۔ سائن بورڈز، اور پرانے درختوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے یہ بھی بتایا کہ تیز مغربی ہواؤں کا سلسلہ رات تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب کراچی میں تیز ہوائیں چلنے کے باعث ہوئے حادثات میں اب تک 5 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ کنیز فاطمہ سوسائٹی ، اورنگی ٹاؤن میں دیوار گرنے سے دو بچے جاں بحق ہوئے جبکہ نارتھ ناظم آباد میں دیوار گرنے سے ایک گلبائی اور گلشن معمار میں بھی دیواریں گرنے سے دو افراد کی جان سے گئے۔

بلدیہ اسپارکو روڈ کے قریب مکان کی چھت گرنے سے تین افراد زخمی ہوئے ناردرن بائی پاس پر تیز ہوا کے باعث موٹر سائیکل سلپ ہونے سے دو افراد زخمی ہوئے اورنگی ٹاون سیکٹر بارہ میں بجلی کا پول گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا۔

موسم کی صورتحا ل کے پیش نظر پی ڈٰ ایم اے نے بھی الرٹ جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں تیز ہواوں سے درخت ہورڈنگز ا ور سائن بورڈ گرسکتے ہیں۔ مخدوش عمارتوں کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ تمام متعلقہ اداروں سمیت ضلعی انتظامیہ کو ضروری اقدامات کرے جبکہ بلدیہ وسطی نے ضلع بھر میں اشتہاری بورڈ اتارنے کے احکامات جاری کر دیئے۔