Friday, April 26, 2024

کراچی میں رات سے شروع ہونے والی بارش سے نشیبی علاقے زیر آب

کراچی میں رات سے شروع ہونے والی بارش سے نشیبی علاقے زیر آب
August 13, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - کراچی میں رات سے شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔

شہرقائد میں رات بھر خوب بارش ہوئی۔ قائدآباد سے کیماڑی تک، کلفٹن سے بلدیہ ٹاون تک وقفے وقفے سے بادل برستے رہے۔ محکمہ موسمیات کےمطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں انسٹھ اعشاریہ پانچ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ مسرور بیس میں چوالیس، یونیورسٹی روڈ پر بیالیس، اورنگی میں اکتالیس اور ناظم آباد میں سنتیس اعشاریہ پانچ ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

اس وقت بھی موسم ابرآلود ہے۔ کہیں ہلکے تو کہیں گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کاسلسلہ وقفے وقفے سےدن بھر جاری رہے گا۔ کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے یہ بھی بتایا کہ بحیرہ عرب میں موجود ڈپریشن آئندہ بارہ گھنٹوں میں کمزور ہونے کا امکان ہے۔ تیز اور ہلکی بارشوں کا سلسلہ پندرہ اگست تک جاری رہ سکتا ہے۔ سولہ اگست سے ایک اور ہوا کا کم دباو اثرانداز ہونا شروع ہو گا جس کے نتیجے میں زیادہ شدت کی موسلادھاربارشیں ہونے کا امکان ہے۔