Friday, April 26, 2024

کراچی میں مقتول صحافی اطہر متین کی نماز جنازہ ادا، صدر عارف علوی کی شرکت

کراچی میں مقتول صحافی اطہر متین کی نماز جنازہ ادا، صدر عارف علوی کی شرکت
February 19, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) کراچی میں مقتول صحافی اطہرمتین کی نماز جنازہ ڈیفنس کی مسجد الصدیق میں ادا کر دی گئی۔

نمازجنازہ میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، گورنرسندھ عمران اسماعیل سمیت سیاسی و سماجی رہنماؤں نے شرکت کی۔ مقتول کےعزیز واقارب اور صحافیوں نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے، صحافی کے قتل میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتارکرلیں گے، امن و امان کی بہتری کے لیے اقدامات کررہے ہیں، پولیس کو ضروری ہدایت دی ہیں، اُمید ہے بہتری آئے گی، مزید کہا کہ سیف سٹی سے متعلق معاملات آخری مراحل میں ہیں۔

سندھ کے صوبائی وزیر سعیدغنی کہتے ہیں اطہرمتین کے قاتل ضرور پکڑے جائیں گے، اسٹریٹ کرائم کے پیچھے معاشی بدحالی ہوتی ہے۔ پولیس اہلکاروں کےٹرانسفر میں حکومت کی مداخلت نہیں۔

رہنماء ایم کیو ایم عامر خان کہتے ہیں، ان حکمرانوں سے کوئی امید نہیں ہے، پولیس میں باہر سے لوگوں کو لاکر بھرتی کیا گیا ہے۔

اطہرمتین گزشتہ روز نارتھ ناظم آباد میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہید ہوئے تھے۔