کراچی (92 نیوز) - کراچی میں ملیر شمسی سوسائٹی کے قریب شوہر نے بیوی اور 3 بیٹیوں کو تیز دھار آلے سے قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق گھر سے تین بچیوں اور ایک خاتون کی خون میں لت پت لاشیں برآمد ہوئی ہے جنہیں تیز دھار آلے کے وار کر کے قتل کیا گیا۔ مرنے والوں میں ہما، نیہا فاطمہ اور ثمرہ شامل ہیں۔ گھر سے ایک مرد کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
ایس ایس پی کورنگی ساجد سدوزئی کے مطابق واقعہ مقتول خاندان کا اندرونی معاملہ لگتا ہے جس میں مبینہ طور پر زخمی ہونے والا شخص ہی چار افراد کے قتل کا ملزم ہے۔ مقتولین میں ملزم فواد کی اہلیہ اور اس کی تین بچیاں شامل ہیں۔ فواد نے مبینہ طور پر اپنی اہلیہ اور بچیوں کو قتل کر کے خودکشی کرنے کی کوشش کی۔ واردات کے بعد کمرے کی کنڈی اندر سے بند تھی۔ جائے وقوع سے آلہ قتل چھری کو قبضے میں لے لیا ہے۔
پولیس کو شک ہے کہ قتل کے دوران کسی کی آواز نہ آنا یہ ظاہر کرتا ہے کہ مقتولین کو مارنے سے قبل کوئی نشہ آور چیز دی گئی ہو۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم فواد ایک کمپنی بطور سیلز منیجر ملازمت کرتا تھا۔ واقعہ کی مزید جانچ کرنے کے لیئے علاقہ مکینوں سے بھی پوچھ گچھ جاری ہ جبکہ مکان کے اطراف لگے کیمروں کی فوٹیجز بھی پولیس حاصل کر رہی ہے۔