Friday, March 29, 2024

کراچی میں ڈینگی مچھر نے مزید 2 جانیں لے لیں، 388 افراد متاثر

کراچی میں ڈینگی مچھر نے مزید 2 جانیں لے لیں، 388 افراد متاثر
September 18, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - کراچی میں ڈینگی مچھر نے مزید 2 افراد کی جان لے لی، 388 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔

شہرِقائد میں رواں سال ڈینگی سے جاں بحق افراد کی تعداد گیارہ ہوگئی۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈینگی کیسز روز بروز بڑھنے لگے، ڈسڑکٹ ہیلتھ آفیسر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ڈینگی سے 96 افراد متاثر ہوئے۔ شہری علاقوں میں 46 جبکہ دیہی ایریاز میں 50 افراد میں ڈینگی کی تشخیص ہوئی۔ اسلام آباد میں ڈینگی کیسز کی مجموعی تعداد 1331  تک جا پہنچی ہے۔

ڈی ایچ او اسلام آباد کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسلام آباد کے پمز میں 10، پولی کلینک میں 45 جبکہ کیپیٹل اسپتال میں 25 مریض زیر علاج ہیں۔ پمز اسپتال میں ڈینگی کے کل مریضوں کی تعداد 194 تک جا پہنچی ہے۔ ڈینگی سے اب تک 4 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

خیبر پختونخوا میں چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید350  افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے، صوبہ بھر میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 4 ہزار 538 ہوگئی ہے، محکمہ صحت کے مطابق کے پی میں اب تک ڈینگی سے5  افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ مختلف اسپتالوں میں 565 مریض زیر علاج ہیں۔