Monday, October 3, 2022

کراچی میں اٹھائیس اگست کو شیڈول بلدیاتی انتخابات ملتوی

کراچی میں اٹھائیس اگست کو شیڈول بلدیاتی انتخابات ملتوی
August 25, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - الیکشن کمیشن نے کراچی میں اٹھائیس اگست کو شیڈول بلدیاتی انتخابات ملتوی کر دیئے۔

انتظامی مسائل سیکورٹی اہلکاروں کی عدم دستیابی اور سندھ حکومت کی درخواست پر الیکشن کمیشن نے کراچی ڈویژن کے سات اضلاع میں 28 اگست کو شیڈول بلدیاتی الیکشن ملتوی کر دئیے۔

الیکشن کمیشن حیدرآباد ڈویژن کے 9 اضلاع میں پہلے ہی بلدیاتی الیکشن ملتوی کر چکا ہے۔ آئی جی سندھ پولیس نے رپورٹ دی کہ سیلابی صورتحال میں درکار پولیس نفری دستیاب نہیں۔ رینجرز پاک فوج کے جوان بھی بارش و سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔

الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد  جماعت اسلامی  نے کراچی  شاہراہ قائدین پر احتجاج  کیا  جس سے  ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے جے آئی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا وہ کسی صورت اس فیصلےکو قبول نہیں کریں گے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے بھی کارکنان سے خطاب کیا۔ انکا کہنا تھا پیپلزپارٹی اور دیگر جماعتیں الیکشن کمیشن کو یرغمال بنارہی ہیں۔

اس  سے پہلے پی ٹی آئی نے بلدیاتی الیکشن کے التوا کو عوام دشمنی قرار دیا ہے۔ خرم شیرزمان کا کہنا تھا  کہ بلدیاتی الیکشن کے التوا پرعدالت سے رجوع کرینگے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن کے مطابق حالیہ بارشوں کی صورتحال کی وجہ سے 63 ہزار انتخابی عملے کو پولنگ اسٹیشنز پہنچانا بھی مشکل ہے۔ صورتحال بہتر ہونے پر کراچی حیدرآباد ڈویژن کے سولہ اضلاع میں بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کا فیصلہ ہو گا۔