Friday, April 26, 2024

کراچی، لاہور، شیخوپورہ، قصور، اسلام آباد سمیت ملک بھر میں بارش

کراچی، لاہور، شیخوپورہ، قصور، اسلام آباد سمیت ملک بھر میں بارش
August 15, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - کراچی، لاہور، شیخوپورہ، قصور، اسلام آباد سمیت ملک بھر میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ 

پنجاب کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، صوبائی دارالحکومت لاہور میں آج بھی سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے۔

باغوں کے شہر لاہور میں رات گئے بادل کھل کر برسے تو گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا، سب سے زیادہ بارش جوہر ٹاؤن میں 49 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا حالیہ سلسلہ آئندہ 48 گھنٹے تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا۔

ادھر سیالکوٹ، گوجرانوالہ ، پسرور اور ڈسکہ میں بھی رات گئے برسنے والی بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا ہے۔ مختلف علاقوں میں ابھی بھی وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی رات سے وقفے وقفے کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

کراچی میں بارش سے نشیبی علاقے ڈوب گئے، محکمہ موسمیات نے سندھ اور پنجاب سمیت ملک کے کئی علاقوں میں مزید موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کردی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں مزید موسلادھار بارش ہوگی۔

موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ موسلادھار بارش کے باعث پشاور، لاہور، فیصل آباد سمیت متعدد جگہوں پر نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے۔

محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر اضلاع کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔ سیاح اور مسافر غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔