Friday, April 19, 2024

کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں اومیکرون کی شرح 60 تا 70 فیصد ہوگئی

کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں اومیکرون کی شرح 60 تا 70 فیصد ہوگئی
January 15, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) کورونا وبا کی پانچویں لہر جاری ہے، شہر شہر اومیکرون پھیلنے لگا، کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں اومیکرون کی شرح ساٹھ تا ستر فیصد ہوگئی۔

کورونا کا نیا ویرینٹ چھوٹے شہروں میں بھی پھیلنے کا خدشہ ہے، ملک میں کورونا کی مجموعی شرح 8 فیصد ہوگئی۔ 24 گھنٹے میں چار ہزار دو سو چھیاسی نئے کیسز رپورٹ ہوئے، چار مریض جاں بحق ہوئے۔

کراچی میں سب سے زیادہ دو ہزار آٹھ سو چھیالیس کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ لاہور کے اسپتالوں کے بائیس فیصد وینٹی لیٹر بھر گئے۔

پنجاب میں کورونا کے پھیلاؤ کی شرح 3.8 فیصد ہوگئی، لاہور اور راولپنڈی ہاٹ سپاٹ بن گئے۔ 24 گھنٹے کے دوران پنجاب سے کورونا کے 722 نئے مریض رپورٹ ہوئے، جن میں سے 520 کا تعلق لاہور اور 159 کا راولپنڈی سے ہے۔ دو افراد کورونا کے باعث انتقال کرگئے۔

محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق 12 سال سے زائد عمر کے تمام افراد کو ویکسین لگانے کی پوری کوشش کررہے ہیں۔ سی سی پی او لاہور فیاض دیو کورونا میں مبتلا ہوگئے جبکہ اداکارہ ماہرہ خان کورونا سے صحت یاب ہوگئیں۔

لاہور میں کورونا کیسز میں اضافے کے بعد سرکاری ہسپتالوں میں مریض بڑھنے لگے۔ میو اسپتال میں 58 فیصد، سر گنگا رام اسپتال میں 20 اور سروسز اسپتال میں 13 فیصد وینٹی لیٹر بھر گئے۔ سرکاری اسپتالوں کے 21 فیصد ہائی ڈیپنڈینسی یونٹس بھی مریضوں سے بھر چکے ہیں۔

پنجاب میں اومی کرون کیسز بھی بڑھنے لگے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 30  افراد اس نئے ویرینٹ کا شکار ہوئے۔ پنجاب میں اب تک کیسز کی تعداد 432  ہو چکی ہے، جن میں سے 408 کا تعلق لاہور سے ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسلام آباد میں کورونا کے 354 کیس رپورٹ ہوئے۔ این سی او سی کی ہدایات پر ایف نائن پارک میں ماس ویکسی نیشن سنٹر کو دوبارہ کھول دیا گیا۔ موبائل ویکسی نیشن مہم بھی دوبارہ شروع کردی گئی۔ خیبرپختونخوا میں اومیکرون سے متاثرہ افراد کی تعداد 75 تک جاپہنچی ہے،جن میں سے 26خواتین ہیں۔

ادھر کراچی میں مثبت کیسز کی شرح تشویشناک حد تک بڑھ گئی، محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 35 فیصد سےبھی تجاوز کرگئی ہے۔

گذشتہ نو دنوں میں کورونا کیسز میں بہت تیزی سے اضافہ ہوا۔ چار جنوری تک سندھ میں صورتحال کنٹرول میں تھی، مثبت کیسز کی شرح 3 فیصد تک تھی لیکن اس کے بعد سے روزانہ کی بنیادوں پر کیسز میں اضافہ ہوتا چلا گیا۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں صوبائی کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، فیصلہ کیا گیا کہ اسکول کھلے رہیں گے، سرکاری و نجی اسپتالوں کا سروے کرکے گنجائش کا جائزہ لیا جائے گا۔

دوسری جانب ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضٰی وہاب کہتے ہیں عوام پابندیوں سے بچنا چاہتی ہیں تو ماسک کا استعمال لازمی کریں۔ انہوں نے مزید کہا کورونا کیسز بڑھنے کے باجوود اسپتالوں کی صورتحال بہتر اور مریضوں کا زیادہ دباؤ نہیں ہے۔