Thursday, April 25, 2024

کراچی کے علاقے صدر میں دھماکہ، ایک شخص جاں بحق، 10 سے زائد زخمی

کراچی کے علاقے صدر میں دھماکہ، ایک شخص جاں بحق، 10 سے زائد زخمی
May 12, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) – کراچی کے علاقے صدر میں کوسٹ گارڈ کی گاڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 10 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس حکام کے مطابق دھماکے میں کوسٹ گارڈ کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، زخمی ہونے والے افراد کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا، دھماکے سے 6 گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی رینجرز، پولیس اور بی ڈی ایس عملہ بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گیا۔

صدر دھماکہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج 92 نیوز نے حاصل کرلی، فوٹیج میں سفید رنگ کی گاڑی قریب آتے ہی دھماکہ ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔ جیسے ہی دھماکا ہوا بھگدڑ مچ گئی۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مُراد علی شاہ نے کراچی کے علاقے  صدر میں دھماکے کا نوٹس لے لیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی اور کمشنر کراچی سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔ زخمیوں کے بہترین علاج کے لیے تمام اقدامات کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ دھماکا پہلے سے نصب آئی ای ڈی ڈیوائس سے کیا گیا۔ دھماکے میں شدید زخمی افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا، جتنے زخمی ہیں ان کا علاج جلد سے جلد ممکن بنائیں گے، دھماکہ آئی ای ڈی کا ہوسکتا ہے۔