Thursday, May 2, 2024

وزیر اعلیٰ سندھ کی میئر کراچی کیلئے جماعت اسلامی کو اتحاد کی دعوت

وزیر اعلیٰ سندھ کی میئر کراچی کیلئے جماعت اسلامی کو اتحاد کی دعوت
January 17, 2023 ویب ڈیسک

جامشورو (92 نیوز) - وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے میئر کراچی کیلئے جماعت اسلامی کو اتحاد کی دعوت دے دی۔

جامشورو میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں۔ اگر کسی کو کراچی کا میئر بنانے کا حق ہے تو وہ پیپلز پارٹی ہے۔ 2018ء میں جب آر ٹی ایس بیٹھ گیا تھا تو 3 دن لگے تھے، بلدیاتی الیکشن کے نتائج تو 24 گھنٹے میں آگئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ سنا ہے خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل ہونے جارہی ہے، اسمبلی تحلیل کرنے کے پیچھے وجوہات ہونی چاہئیں۔ ایم کیو ایم نے ہم سے رابطہ کیا اور ہم نے کہا کہ الیکشن ہونے چاہئے، ایک شخص کی انا کی خاطر اسمبلیاں توڑنا سمجھ سے باہر ہے۔

 مراد علی شاہ مزید بولے کہ کراچی سے شکست پر ایک شخص کی انا کو ٹھیس پہنچی ہے، حلقہ بندیوں پر الیکشن کمیشن کو خط لکھا پر بات نہیں سنی گئی۔

اس سے قبل سیہون میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوشش ہے جماعت اسلامی کو ساتھ لے کر چلیں۔ حافظ نعیم کو فون میں کہا نتائج ہمیں بھی نہیں ملے۔ جتنے امن و امان سے الیکشن ہوا، آج سے پہلے کبھی نہیں ہوا۔

مُراد علی شاہ نے مزید کہا کہ ہم الیکشن سے نہیں بھاگ رہے تھے، پی ٹی آئی کو پورے سندھ نے مسترد کردیا ہے۔

دوسری جانب ایم کیوایم کا بلدیاتی الیکشن کو عدالت میں چیلنج کرنے کا امکان ہے۔ ایم کیو ایم نے کل جنرل ورکرز اجلاس بھی طلب کرلیا۔