Thursday, April 25, 2024

کراچی کے علاقے ماڑی پور میں بدترین لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج، مظاہرین اور پولیس میں جھڑپیں

کراچی کے علاقے ماڑی پور میں بدترین لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج، مظاہرین اور پولیس میں جھڑپیں
June 28, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ پر عوام کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا، ماڑی پور روڈ پر مظاہرین اور پولیس میں وقفے وقفے سے جھڑپیں ہوئیں۔

مظاہرین کی جانب سئ گلیوں سے نکل کر پولیس پر پتھراؤ کیا گیا، پولیس کی جانب سے شیلنگ، لاٹھی چارج اور ہوائی فائرنگ کی گئی، کئی مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔

احتجاج کے خاتمے اور مظاہرین کی رہائی کیلئے مذاکرات بھی ہوتے رہے، علاقہ مکینوں نے بجلی کی بندش کا دورانیہ کم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

گزشتہ روز سے جاری احتجاج کے باعث ماڑی پور روڈ پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی رہیں، بندرگاہ سے مال کی آمدورفت بھی معطل رہی۔

دوسری جانب بجلی کی طویل بندش کے خلاف کراچی کے دیگر علاقوں میں بھی لوگ باہر نکل آئے، مظاہرین نے ابو الحسن اصفہانی روڈ بھی بلاک کیا۔ پتھراؤ کے جواب میں پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی۔ ملیر سعود آباد اور داؤد چورنگی میں بھی مظاہرین نے سڑکیں بلاک کیں۔ لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج کیلئے گلشن اقبال کے مکین بھی سڑکوں پر نکل آئے۔

کے الیکٹرک نے فرنس آئل کیلئے پیسے نہیں ہیں کہہ کر ہاتھ کھڑے کر دیئے۔ سندھ حکومت نے وفاق سے کے الیکٹرک کے واجبات کی ادائیگی کا مطالبہ کردیا۔