Friday, April 19, 2024

پولیس کے ڈنڈا چلانے پر گرینڈ ہیلتھ الائنس کا کراچی پریس کلب پر دھرنا

پولیس کے ڈنڈا چلانے پر گرینڈ ہیلتھ الائنس کا کراچی پریس کلب پر دھرنا
November 11, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) – پولیس کے ڈنڈا چلانے پر گرینڈ ہیلتھ الائنس نے کراچی پریس کلب پر دھرنا دے دیا۔

کراچی میں گرینڈ ہیلھ الائنس نے مطالبات کی منظوری کیلئے جمعہ کے روز بھی احتجاج کیا۔ سندھ سیکرٹریٹ کے قریب دھرنے پر بیٹھے مظاہرین کی ریڈ زون میں داخلے کی کوشش پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا، واٹر کینن استعمال کی اور متعدد مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔

سندھ بھر کے سرکاری اسپتال کے ڈاکٹر، نرسزپیرا میڈیکل اسٹاف کا ہیلتھ رسک الاؤنس کی بحالی، سروس اسٹرکچر کی بہتری اور نرسز کی اگلے گریڈ میں ترقیوں سمیت دیگر مطالبات کی منظوری کیلئے جمعہ کے روز بھی سراپا احتجاج رہے۔

سندھ سیکرٹریٹ پر دھرنے کے باوجود مطالبات پورے نہ ہونے پر مظاہرین نے ایک بار پھر ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش کی جس پر پولیس نے بھرپور ایکشن لیتے ہوئے لاٹھی چارج کیا، واٹر کینن استعمال کی جبکہ مر دو خواتین سمیت متعدد مظاہرین کو حراست میں بھی لے لیا۔

لیڈیز پولیس کے آپریشن کے دوران خواتین مظاہرین نے بھرپور مزاحمت کی جس کے باعث کچھ لیڈیز اہلکاراور مظاہرین چوٹیں بھی آئیں۔

پولیس کی کارروائی کے مظاہرین نے ایک بار پھر کراچی پریس کلب پر دھرنہ دے دیا اور سندھ حکومت کے خلاف نعرے لگائے چیئرمین وائی ڈی اے ڈاکٹرعمر سلطان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تین گھنٹے کے اندر ان کے زیر حراست ساتھیوں کو رہا کیا جائے اور مطالبات تسلیم کیے جائیں۔

دوسری جانب سندھ کے سرکاری اسپتالوں میں اٹھائیس روز سے جاری ہڑتال کے باعث اوپی ڈیز مکمل بند ہیں جس کے باعث سرکاری اسپتالوں میں مریضوں اور تیمارداروں کو سخت اذیت کا سامنا ہے۔