Tuesday, May 7, 2024

کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دو پروازوں کی ایمرجنسی لینڈنگ

کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دو پروازوں کی ایمرجنسی لینڈنگ
December 3, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دو پروازوں کو ایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑگئی۔

غیر ملکی پروازوں میں غل غپاڑہ اور تکنیکی خرابیاں، کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی صورتحال، دو غیر ملکی ایئر لائنز کی پروازوں کو ایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑگئی۔

کراچی سے شارجہ جانے وا لی سیرین ایئر کی پرواز بڑے حادثے سے بچ گئی۔ طیارہ نے اڑان بھری تو پندرہ منٹ بعد آکسیجن ایشو سامنے آیا، مسافر سانس کی شکایت کرنے لگے۔

جہاز کے کپتان نے کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول کو ایمرجنسی لینڈنگ کی اطلاع دی۔ طیارہ ایک گھنٹے تک ہوا میں چکر لگاتا رہا، مسافروں کی خوف کے مارے حالت غیر ہوگئی۔ جہاز نے پہلے سمندر کے اوپر دو چکر لگائے پھر پورٹ قاسم پر ہوا میں سات چکر کاٹے۔

رن وے پر اترنے کی دو کوششیں کیں لیکن دونوں بار ہی ناکامی ہوئی، پھر دوسرے رن وے پر ہنگامی صورتحال نافذ کی گئی۔ چار فائر ٹینڈر اور دو ایمبولینس کو اسٹینڈ بائی رکھا گیا، تاہم طیارہ بحفاظت دوسرے رن وے پر لینڈ کر گیا۔

ادھر استنبول سے تھائی لینڈ جانے والی ترکش ایئرلائن کا مسافر آپے سے باہر ہوگیا۔ دوران پرواز نشے میں دھت مسافر نے خوب غل غپاڑہ کیا۔ مسافروں کی شکایت پر کپتان نے کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی اجازت مانگی۔ طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر اتار کر مسافر کو اے ایس ایف نے حراست میں لے لیا۔

غیرملکی مسافر کو اگلی پرواز سے ترکی واپس بھیجا جائے گا۔