Thursday, March 28, 2024

ملک میں ایک بار پھر دو عیدیں، خیبرپختونخوا میں سرکاری سطح پر آج عیدالفطر منائی جا رہی ہے

ملک میں ایک بار پھر دو عیدیں، خیبرپختونخوا میں سرکاری سطح پر آج عیدالفطر منائی جا رہی ہے
May 2, 2022 ویب ڈیسک

پشاور (92 نیوز) – ملک میں ایک بار پھر دو عیدیں ہو گئیں، خیبرپختونخوا میں سرکاری سطح پر آج عیدالفطر منائی جا رہی ہے۔

صوبائی حکومت کے فیصلے کے تحت آج خیبرپختونخوا کے بیشتراضلاع میں عید منائی جارہی ہے۔ پشاور میں نمازعید کا بڑا اجتماع چارسدہ روڈ پر واقع عیدگاہ میں ہوا۔ مولانا طیب قریشی نے نمازعید پڑھائی۔ صوبائی کامران بنگش اور اے این پی کے رہنماء غلام احمد بلور نے بھی عید گاہ میں نماز عید ادا کی۔

وزیراعلیٰ محمود خان نے صوبائی وزیرشوکت یوسفزئی، چیف سیکرٹری اور دیگرسرکاری حکام کے ساتھ گورنرہاؤس میں نمازعید ادا کی۔ وزیراعلیٰ لوگوں میں گھل مل گئے اور عید کی مبارک باد وصول کی۔ مردان، صوابی، چارسدہ، نوشہرہ، باجوڑ، خیبراور دیر بالا میں بھی نمازعید کے اجتماعات ہوئے۔ فرزندان اسلام نے ایک دوسرے کو گلے مل کر عید کی مبارک باد دی۔

خیبرپختونخوا کے ہزارہ اور مالاکنڈ ڈویژن کے علاوہ ڈیرہ اسماعیل خان میں آج تیسواں روزہ ہے ان علاقوں میں منگل کے روز عید الفطرمنائی جائے گی۔

خیبر پختونخواکی طرح بلوچستان کے بھی بیشتر اضلاع میں آج عید الفطر منائی جارہی ہے۔ نماز عید کے خطبات میں ملکی سلامتی امن و بھائی چارے اور عالم اسلام کی سربندی کے لئے خصوصی دعائیں مانگیں گئیں۔