Saturday, April 20, 2024

خیبرپختونخوا کا ایک ہزار 332 ارب کا بجٹ پیش، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 16 فیصد اضافہ

خیبرپختونخوا کا ایک ہزار 332 ارب کا بجٹ پیش، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 16 فیصد اضافہ
June 13, 2022 ویب ڈیسک

پشاور (92 نیوز) - خیبرپختونخوا کا ایک ہزار 332 ارب کا سالانہ بجٹ پیش کردیا گیا۔

خیبرپختونخوا کا بجٹ صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے پیش کیا، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 16 فیصد اضافے پنشن کی مد میں 15 فیصد اضافے کا اعلان کیا گیا۔ سرکاری ملازمین کے لئے 15 ایڈہاک ریلیف الاؤنس، گریڈ 1 سے19 تک ملازمین کو ڈسپیریٹی ریڈکشن الاؤنس، گریڈ 7 سے 16 تک کے پولیس ملازمین کے لئے رسک الاؤنس کی تجویز ہے۔ پولیس شہداء کے پیکیج میں اضافے کی بھی تجویز زیر غور ہے، صوبے میں 63 ہزار ملازمین کو مستقل کیا جائے گا۔

سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے 418 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ صحت کے لیے ترقیاتی پروگرام کا حجم 27 ارب رکھا گیا ہے۔ 20 ارب ایلیمنٹری ایجوکیشن جبکہ 8 ارب روپے ہائر ایجوکیشن کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

لوکل گورنمنٹ کے لئے 6 ارب روپے، مختلف سیکٹرز کے ترقیاتی کاموں کے لئے 47 ارب روپے مختص کیے گئے۔ صوبے میں سڑکوں کی تعمیر کے لئے 60 ارب روپے، صحت کارڈ پلس کے تحت تمام سرکاری ملازمین کے لئے او پی ڈی کی سہولت کی منظوری دی گئی ہے۔

فائر بریگیڈ کو 1122 میں ضم کرنے کا فیصلہ، موبائل موٹروے ریسکیو سروس کے قیام کی بھی تجویز ہے۔ خواتین کو بااختیار بنانے کےلئے 3.5 ارب روپے مختص کرنے کی تجویزہے، پشاورمیں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت جدید اسپتال قائم کرنے کی تجویز ہے۔

چشمہ رائٹ بینک کینال لفٹ کم گریویٹی منصوبہ مکمل کرنے کے لئے بھی فنڈ مختص کے گئے ہیں۔ چھوٹے صنعتکاروں اور نوجوانوں کو 25 ارب روپے کے قرضے فراہم کئے جائیں گے۔ نصاف فوڈ کارڈ کے لئے 26 ارب روپے مختص کیے ہیں۔

بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ ترسیلات زر 4 سال میں دگنی ہوئیں، سب سے زیادہ ملازمتوں کے مواقع پیدا کئے گئے۔ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ دو سال میں کم کیا۔ اس سال تاریخی ٹیکس کلیکشن کی گئی۔ یہ وہ ترقی کا سفر ہے جو پی ٹی آئی حکومت نے کےپی میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ دو مہینوں میں ڈالر 202 روپے تک پہنچ گیا، پٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، حکومت نہیں چلا سکتے تھے تو حکومت لی ہی کیوں؟ یہی ہے وہ پرانا پاکستان جس کی یہ بات کر رہے تھے، مہنگائی کا بم گزشتہ دو ماہ میں گرایا گیا۔