Friday, April 26, 2024

کورونا کے دوران پالیسی اور صحت کارڈ ان کی حکومت کے کارنامے ہیں، عمران خان

کورونا کے دوران پالیسی اور صحت کارڈ ان کی حکومت کے کارنامے ہیں، عمران خان
June 14, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کورونا کے دوران پالیسی اور صحت کارڈ ان کی حکومت کے کارنامے ہیں۔

اسلام آباد میں لیبر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کارکنوں کو بڑے احتجاج کیلئے تیاریوں کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے کہا روس سے سستا تیل خریدنے کا معاہدہ کر رہے تھے۔ ان کی حکومت عوام کیلئے آئی تھی۔ موجودہ حکومت اپنے کرپشن کیسز ختم کرانے آئی ہے۔ یہ رہے تو ایف آئی اے اور نیب ختم ہو جائیں گے۔ یہ الیکشن کمیشن بھی تباہ کر رہے ہیں۔ لوٹا راجا ریاض اپوزیشن لیڈر بن جائے تو جمہوریت ختم ہو جاتی ہے۔

عمران خان نے کہا یہ ہماری حکومت کے خلاف مہنگائی مارچ کرتے رہے۔ انہیں آئے ابھی دو مہینے ہوئے ہیں اور انہوں نے ہمارے ساڑھے تین سال سے بھی زیادہ مہنگائی کر دی ہے۔ یہ لوگ تین مہینے پہلے کہتے تھے کہ عمران خان کو پٹرول کی قیمتیں نہیں بڑھانی چاہئیں۔ یہ کہتے تھے ہم عمران خان کو بجلی، پٹرول اور ڈیزل کی قیمت نہیں بڑھانے دیں گے۔ تین مہینے میں ہی ساری قوم کے سامنے سچ آگیا کہ جب پٹرول 60 روپے اور بجلی 10 روپے مہنگی کر دی گئی۔