سری نگر (92 نیوز) - کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے یوم شہدائے جموں منایا۔
اس موقع پر کشمیریوں کی جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ وہ اپنے ناقابل تنسیخ حق، حق خودارادیت کے حصول تک شہداء کے مشن کو جاری رکھیں گے۔
ڈوگرہ راجہ ہری سنگھ کی فورسز، بھارتی فوج اور ہندو جنونیوں نے نومبر 1947ء کے پہلے ہفتے میں لاکھوں کشمیریوں کو جموں کے مختلف علاقوں میں اس وقت شہید کردیا تھاجب وہ پاکستان کی طرف ہجرت کر رہے تھے۔
غیر قانونی طور پر نظر بندکل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں جموں کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے دیگر رہنمائوں نے اپنے بیانات میں کہا کہ کشمیری عوام اپنے شہدا ء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور ان کے مشن کو ہر قیمت پر پورا کریں گے۔