Saturday, May 18, 2024

کنگ چارلس سوم باضابطہ طور پر برطانیہ کے نئے بادشاہ بن گئے

کنگ چارلس سوم باضابطہ طور پر برطانیہ کے نئے بادشاہ بن گئے
September 10, 2022 ویب ڈیسک

لندن (92 نیوز) - کنگ چارلس سوم باضابطہ طور پر برطانیہ کے نئے بادشاہ بن گئے۔ لندن میں ہونے والی تقریب میں کنگ چارلس نے حلف نامے پر دستخط کئے۔

چارلس سوم نے برطانیہ کے نئے بادشاہ کا حلف اٹھا لیا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق برطانیہ کے نئے بادشاہ چارلس سوم کو توپوں کی سلامی دی گئی۔ کمیلا پارکر اور شہزادہ ولیم بھی تقریب میں موجود تھے۔ تقریب میں برطانیہ کے سابق وزرائے اعظم اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ برطانوی وزیراعظم اورسابق وزرا بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ نئے ڈاک ٹکٹ پر بھی نئے بادشاہ کی تصویر ہو گی۔

اپنے خطاب میں کنگ چارلس نے اسی غیر متزلزل خلوص کے ساتھ قوم کی خدمت کا عہد کیا جس طرح آنجہانی ملکہ نے اپنے ستر سالہ دورِ اقتدار میں کی۔ انہوں نے کہا بطور بادشاہ اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہے۔ روایات کی پاسداری کریں گے۔

ادھر 96 سال کی عمر میں وفات پانے والی ملکہ برطانیہ دوئم کے دوسرے دن بھی سوگ کا عالم ہے۔ سکاٹ لینڈ میں اظہار تعزیت کے لیے ان کی رہائش گاہ بالمورل کاسل  میں لوگوں کا بہت زیادہ  رش لگا ہوا ہے  جہاں انھوں نے زندگی کے آخری لمحات علالت میں گزارے۔ یہ سکاٹ لینڈ کے تیسرے بڑے شہر آبرڈین شائرمیں ہے جہاں ملکہ اپنی فیملی کے ہمراہ اکثر گرمیوں کی چھٹیاں گزارنے آیا کرتی تھیں۔ پولیس اور انتظامیہ کی سخت نگرانی میں اس علاقہ میں ملکی اور غیرملکی افراد کا داخلہ پاس کی صورت میں ہوتا تھا۔

مقامی طور پر عارضی فری بس سروس مہیا کی گئی تھی جو کہ عوام الناس کو نزدیکی شہر بالینٹر اور بریمر سے پک اینڈ ڈراپ کا کام کرتی تھی۔ سرکاری اور غیرسرکاری مشہور و معروف شخصیات پھولوں کے گلدستہ  گیٹ پر رکھ  کر چند  منٹ  کی خاموشی  اختیار کرتے ہیں  اور واپس چلے جاتے ہیں۔

ملکہ برطانیہ کا جسد خاکی بروز اتوار سکاٹ لینڈ کی مشہور شاہراوں سے گزرتا ڈنڈی کے راستہ ایڈنبرا پہنچایا جائے گا جہاں چرچ میں کچھ رسومات ادا کی جائیں گی اور متوقع ہے کہ سکاٹس کو آخری دیدار بھی کروایا جائے گا۔ وہاں سے پھر جسد خاکی بذریعہ رائل ائیر لندن روانہ ہو گا۔