Saturday, May 18, 2024

حساس ادارے کے افسر پر تشدد، لیگی رہنماء خواجہ سلمان رفیق اور حافظ نعمان نے گرفتاری دیدی

حساس ادارے کے افسر پر تشدد، لیگی رہنماء خواجہ سلمان رفیق اور حافظ نعمان نے گرفتاری دیدی
April 14, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) – کلمہ چوک لاہور میں حساس ادارے کے آفیسر پر تشدد کرنے والے ملزم گرفتار کرلیے، لیگی رہنما خواجہ سلمان رفیق اور حافظ نعمان نے بھی گرفتاری دے دی۔

لاہور میں کلمہ چوک پر حساس ادارے کے آفیسر پر تشدد کا واقعہ پیش آیا، پولیس نے تشدد کرنے والے سیاسی رہنماؤں کے چار ملازمین کو گرفتار کر لیا۔

شامل تفتیش ہونے کے لیے تھانہ گارڈن پہنچنے والے لیگی رہنما خواجہ سلمان رفیق اور حافظ نعمان نے بھی گرفتاری دے دی، اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاقانون سب لیے برابر ہے،خود ملزمان کو پولیس کے حوالے کیا۔

واقعے کا مقدمہ متاثرہ آفیسر کے والد کی مدعیت میں تھانہ گارڈن ٹاؤن میں 3 نامزد اور 4 نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا تھا، تاہم مدعی مقدمہ نے بعد میں رہنما مسلم لیگ ن خواجہ سلمان رفیق اور حافظ نعمان کو بھی مقدمہ میں نامزد کروا دیا۔

قائم مقام سی سی پی او لاہور ڈی آئی جی انویسٹی گیشن شہزادہ سلطان نے بتایا راستہ نہ دینے پرگارڈز نے تشدد کا نشانہ بنایا۔

ایف آئی آر کے مطابق بدھ کی شب اوور ٹیک کرتے وقت گاڑی لگنے سے ملزمان طیش میں آ گئے، آہنی راڈ سے سرکاری آفیسر پر تشدد کرتے رہے اور جان سے مارنے کی دھمکی دیتے ہوئے فرار ہو گئے۔

فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو وزیراعظم شہباز شریف نے افسوس ناک واقعے کا نوٹس لے لیا۔

تشدد کرنے والے 4 ملزموں کو ماڈل ٹاؤن کچہری پیش کیا گیا عدالت نے چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔