Sunday, May 5, 2024

کنگ میکر ریاستوں نے ہلیری کا ساتھ نہ دیا

کنگ میکر ریاستوں نے ہلیری کا ساتھ نہ دیا
November 9, 2016
نیویارک (ویب ڈیسک) امریکی صدارتی انتخابات کے نتائج نے اندازوں اور تبصروں کے بتوں کو پاش پاش کر دیا۔ عہدہ صدارت پر براجمان ہونے کے لیے صدارتی امیدوار کو الیکٹورل کالج کے پانچ سو اڑتیس میں سے دو سو ستر ووٹ حاصل کرنا ضروری ہوتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ اور ہلیری کلنٹن کے درمیان مختلف ریاستوں میں کانٹے کا مقابلہ ہوا۔ ہلیری کلنٹن نے کیلیفورنیا میں الیکٹورل کالج کے 55ووٹ حاصل کر کے میدان مارا تو ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیکساس میں 38 اور فلوریڈا میں 29ووٹ لے کر ہلیری کلنٹن کو شکست کا مزا چکھایا۔ ہلیری کلنٹن نے نیویارک میں 29 اور الی نوائیز میں 20ووٹوں کے ساتھ کامیابی کا تاج پہنا تو ٹرمپ نے اوہائیو میں18اور نارتھ کیرولینا میں 15ووٹوں کے ساتھ کامیابی کے جھنڈے گاڑے۔ ہلیری کلنٹن نے ریاست نیوجرسی میں 14، ورجینیا میں 13 اور کولوراڈو میں9ووٹس کے ساتھ جیت کا تاج پہنا تو ٹرمپ نے ایری زونا اورانڈیانا میں گیارہ، گیارہ اور میسی سیپی میں6 الیکٹورل ووٹوں کے ساتھ جیت اپنے نام کی۔ اسی طرح ہلیری کلنٹن نے واشنگٹن میں بارہ، میری لینڈ میں 10، کولوراڈو میں 9 اور اوریگن میں 7ووٹوں کے ساتھ کامیابی حاصل کی۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے انڈیانا اورٹینیسی میں 11، گیارہ ووٹوں کے ساتھ کامیابی حاصل کی اور میسی سیپی اور وسکونسن میں دس، 10، الاباما کے ساتھ ساتھ ساوتھ کیرولینا میں 9، نو اور لوزیانا میں آٹھ الیکٹورل کالج کے ووٹوں کے ساتھ کامیابی حاصل کی۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے امریکہ کے صدارتی انتخابات میں سوئنگ اسٹیٹس اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ گزشتہ انتخابات کی طرح اس مرتبہ بھی ان ریاستوں کے ووٹرز نے نئے صدر کے انتخاب میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ایری زونا کے عوام نے پچھلے دس میں سے نو انتخابات میں ری پبلکن کو کامیابی دلائی۔ اس مربتہ بھی ٹرمپ نے یہاں سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے 11ووٹ حاصل کیے۔ کولوراڈومیں سات انتخابات ری پبلکن نے جیتے اور اس مرتبہ بھی ڈونلڈ ٹرمپ نے یہاں سے الیکٹورل 9ووٹ حاصل کیے۔ فلوریڈا میں ٹرمپ نے 29ووٹ حاصل کرکے یہاں پر ری پبلکن کے جھنڈے گاڑے۔ آئیوا میں ڈونلڈ ٹرمپ نے 6ووٹوں کے ساتھ کامیابی حاصل کی اور مشی گن میں بھی ری پبلکن 16ووٹ حاصل کرنے کے بعد کامیاب قرار پائے۔ اوہائیو میں 4 ووٹ حاصل کرکے ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابات میں واضح برتری ثابت کر دی۔ شمالی کیرولائنا میں ری پبلکن نے آٹھ الیکشن جیتے اور اس مرتبہ بھی ڈونلڈ ٹرمپ نے یہاں 15ووٹ حاصل کرکے فتح اپنے نام کی۔ پینسلوانیا میں پہلے تو ڈیموکریٹک جیتتے رہے لیکن اس بارڈونلڈ ٹرمپ نے یہاں سے 20ووٹ حاصل کرنے کے بعد وکٹری اپنے نام کرلی۔ ورجینیا میں8 بار ٹرمپ کی پارٹی کی جیت ہوئی لیکن اس مرتبہ یہ وہ واحدسوئنگ اسٹیٹ ہے کہ جہاں پر ہلیری کلنٹن نے 13ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی۔