Saturday, July 27, 2024

خیرپور میں دس سالہ گھریلو ملازمہ کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ جاری

خیرپور میں دس سالہ گھریلو ملازمہ کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ جاری
August 20, 2023 ویب ڈیسک

خیرپور (92 نیوز) - خیرپور میں دس سالہ گھریلو ملازمہ کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ جاری کردی گئی ہے، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فاطمہ کے جسم پر تشدد کے کئی نشانات ہیں، آنکھ، کمر، پیشانی، پیر، گھٹنے اور ہاتھ پر نشانات ہیں۔

خیرپور کے علاقے رانی پور میں قتل گھریلو ملازمہ پر بے پناہ تشدد کیا گیا، ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں تصدیق کردی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق فاطمہ کی آنکھ ،کمر، پیشانی، پیر، گھٹنے اور ہاتھ پرتشدد کے نشانات ہیں جبکہ بچی کا چہرہ ایک طرف سے نیلااور دوسری جانب سے ہرا ہوچکا تھا۔ بچی کا جسم گلنے کی ابتدائی حالت میں تھا۔ بچی کے جسم کے کچھ اجزا لے کر مائیکروبیالوجی کیلئے بھیجا گیا ہے۔

دوسری جانب ڈی آئی جی سکھر جاوید جسکانی نے بچی سے زیادتی کا خدشہ ظاہرکیا ہے۔ کہتے ہیں گرفتارسابق ایس ایچ او رانی پور، ہیڈ محرر، ڈاکٹر اور کمپاؤنڈر کا ریمانڈ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ حقائق مسخ کرنے، لاش بغیر پوسٹ مارٹم دفنانے پر ملزمان کو مقدمے میں نامزد کیا جائے گا۔

ڈی آئی جی سکھرنے یہ بھی کہا کہ حویلی میں موجود تمام بچوں کو فوری ریسکیو کرکے ان کے گھروں میں بھیجنے کے احکامات دیدیئے ہیں جبکہ حویلی میں پولیس کیمپ قائم کرکے تمام مردوں کے ڈی این اے سیمپل لئے جائیں گے۔

اس سے پہلے مرکزی ملزم اسد شاہ کو پولیس کی بھاری نفری میں گمس اسپتال پہنچایا گیا جہاں اس کے ڈی این اے نمونے لیے گئے۔

ادھر ملزم اسد شاہ کو پروٹوکول دینے کے الزام میں ایس ایچ او ہنگورجہ عبدالجبار میمن کا تھری میرواہ تبادلہ کردیا گیا۔

ملزم اسد شاہ تین روز سے ایس ایچ او عبدالجبار میمن کی تحویل میں تھا۔