Thursday, April 18, 2024

خیبرپختونخوا میں طوفانی بارش نے سوات، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تباہی مچا دی

خیبرپختونخوا میں طوفانی بارش نے سوات، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تباہی مچا دی
August 24, 2022 ویب ڈیسک

پشاور (92 نیوز) - خیبرپختونخوا میں طوفانی بارش نے سوات، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تباہی مچا دی۔ سوات کا مینگورہ شہر زیرآب آ گیا۔

ضلع سوات میں ہونے والی موسلادھار بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی سے مینگورہ شہر پانی میں ڈوب گیا۔ سیلابی ریلہ مینگورہ کی سڑکوں اور گلیوں سے گزرتے ہوئے سامنے آنے والی ہرچیز کو بہا لے گیا۔

شریف آباد، ملابابا، مرغزار ٹائون، فیض آباد اور مکان باغ میں برساتی پانی گھروں، سرکاری دفاتر، دکانوں اور سکولوں میں داخل ہو گیا جس کے باعث بچے اسکولوں میں پھنس کر رہ گئے۔ ریسکیو ٹیموں نے سکولوں میں پھنسے بچوں اور دیگر عمارتوں سے لوگوں کو نکالا۔

ٹانک میں پانچ گھنٹوں کی بارش نے تباہی مچا دی۔ سڑکیں اور بازار پانچ فٹ تک پانی کے تالاب بن گئے۔ جنوبی وزیر ستان سے سیلابی ریلوں کی اطلاعات پر مساجد میں اعلانات کرکے عوام کو خبردارکر دیا گیا ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی سیلاب سے متاثرہ علاقے میں بارش سے متاثرین کی مشکلات بڑھ گئیں۔