Friday, April 26, 2024

خیبرپختونخوا میں حالیہ سیلاب سے انفراسٹرکچر کو شدید نقصان، اپردیر کا حلیہ ہی بدل گیا

خیبرپختونخوا میں حالیہ سیلاب سے انفراسٹرکچر کو شدید نقصان، اپردیر کا حلیہ ہی بدل گیا
September 15, 2022 ویب ڈیسک

سوات (92 نیوز) - خیبرپختونخوا میں حالیہ سیلاب سے انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا۔ سوات، ٹانک، ڈی آئی خان اور اپردیر کا حلیہ ہی بدل گیا۔

سوات کے سیاحتی مقام کالام، بحرین اور مدین میں سیلاب کے باعث سڑکوں اور پلوں کو بری طرح نقصان پہنچا۔ بحرین سے کالام تک سڑک 19 مقامات پر سیلاب میں بہہ گئی تھی جسے ٹریفک کے لئے بحال تو کر دیا گیا مگر اس شاہراہ کو بنانے پر شائد ہفتے نہیں مہینے لگیں گے ۔ سوات کے دیگر علاقوں میں سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہیں۔

دیر بالا میں بھی متعدد پل سیلاب  کی نذر ہو گئے ۔ کمراٹ جانے والے پل کو تو عارضی طور پر بحال کر دیا گیا مگر دیر کوہستان جانے والے  پل کی تعمیر تاحال شروع نہ ہو سکی۔

ٹانک اور ڈی آئی خان میں بھی درجنوں دیہات زیر آب آئے سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئیں۔ کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔ دونوں اضلاع میں تباہ شدہ مکانات کے مکین بحالی کے لئے حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔

چارسدہ اور نوشہرہ کے متاثرہ علاقوں میں کھیلوں کے میدان ، سکول،اسپتال ، مکانات اور پینے کے پانی کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے ۔ لوگ گھروں کو لوٹ چکے ہیں  مگر وہ نارمل زندگی گزارنے سے اب بھی کوسوں دور ہیں ۔