Monday, June 27, 2022

خیبرپختونخوا میں بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کے التوا کی درخواستیں مسترد

خیبرپختونخوا میں بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کے التوا کی درخواستیں مسترد
February 15, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) خیبرپختونخوا میں بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کے التوا کی درخواستیں مسترد کر دی گئیں۔ الیکشن کمیشن نے فیصلہ سنا دیا۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ کے پی کے بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ 31 مارچ کو ہی ہو گا۔

دس درخواست گزاروں نے سخت موسمی حالات کو جواز بنا کر بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کی استدعا کی تھی۔ ایڈوکیٹ جنرل کے پی نے صوبائی حکومت کی نمائندگی کی۔

قبل ازیں چیف الیکشن کمشنر کی زیرصدارت دو رکنی کمیشن نے فریقین کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ وکیل درخواستگزار نے مؤقف اپنایا تھا کہ مارچ کے آخر میں بارش ،برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کی پیشگوئی ہے جس پر چیف الیکشن کمشنر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ محکمہ موسمیات کیسے رائے دے سکتا ہے کہ الیکشن ہو سکتے ہیں یا نہیں؟

ایڈووکیٹ جنرل نے سانحہ مری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ سانحہ مری میں لوگ گاڑیوں میں انتقال کر گئے جس پر چیف الیکشن کمشنر نے واضح کیا کہ سانحہ مری الیکشن موخرکرنے کی کوئی دلیل نہیں۔