Tuesday, April 16, 2024

خیبرپختونخوا میں بارشوں اور سیلاب سے 4 بچوں سمیت 8 جاں بحق، 761 گھر مکمل تباہ

خیبرپختونخوا میں بارشوں اور سیلاب سے 4 بچوں سمیت 8 جاں بحق، 761 گھر مکمل تباہ
August 22, 2022 ویب ڈیسک

باجوڑ (92 نیوز) - خیبرپختونخوا میں بارشوں اور سیلاب کے باعث 4 بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 761 گھر مکمل تباہ اور درجنوں مویشی بھی ہلاک ہوگئے۔ 

پی ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کی تفصیلات جاری کردیں۔ پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق صوبے میں بارشوں اورسیلاب سے 6 افراد جاں بحق ہوئے جن میں چار بچے شامل ہیں۔ دو افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ چترال میں اروند کے علاقہ میں پہاڑکا پتھر گھرپرگر گیا جس سے باپ بیٹا جاں بحق ہوئے۔

صوبے میں 761 گھر مکمل طور پر تباہ ہوئے جبکہ 55 کو جزوی نقصان پہنچا۔ سب سے زیادہ نقصانات باجوڑ، ڈیرہ اسماعیل خان اور بونیر میں ہوئے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

ادھر بلوچستان میں بھی بارشوں اور سیلاب کے باعث چوبیس گھنٹے میں نو افراد جاں بحق،، حالیہ بارشوں میں اموات 225 ہوگئیں۔ سیلاب کے باعث کوئٹہ، بولان، ژوب، قلعہ سیف اللہ ، سبی، دکی، خضدار، کوہلو، کیچ، مستونگ، ہرنائی سب سے زیادہ متاثر ہیں۔

ادھر روجھان میں رود کوہی کے تازہ سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی، درجنوں بستیاں زیرآب آگئیں جس کے باعث سیکڑوں مکانات منہدم ہوگئے۔