Friday, May 3, 2024

خیبرپختونخوا: چارسدہ اور نوشہرہ میں کئی علاقے ڈوب گئے، سوات میں سیلابی ریلہ گزر گیا

خیبرپختونخوا: چارسدہ اور نوشہرہ میں کئی علاقے ڈوب گئے، سوات میں سیلابی ریلہ گزر گیا
August 27, 2022 ویب ڈیسک

چارسدہ (92 نیوز) - خیبرپختونخوا میں سیلاب سے تباہی و بربادی پھیل گئی، چارسدہ اور نوشہرہ بڑے آبی ریلے کے سامنے بےبس ہوگئے، کئی علاقے ڈوب گئے۔ وادی سوات میں سیلابی ریلہ گزر گیا۔

خیبرپختونخوا میں چارسدہ کا علاقہ چوٹی پل مکمل طور پر سیلابی پانی میں ڈوب گیا، نوشہرہ کلاں کے مقام پر دریائے کابل کا حفاظتی پشتہ ٹوٹ گیا۔ سیلابی پانی آبادی میں داخل ہوگیا، قبرستان میں قبریں بھی ڈوب گئیں۔

منڈا ہیڈ ورکس منہدم ہوچکا ہے، دریائے پنچکوڑہ میں بھی اونچے درجے کا سیلاب ہے، دریائے کابل میں سیلابی ریلہ چار لاکھ کیوسک تک جانے کا الرٹ جاری کردیا گیا۔ شہریوں کی جانب سے نقل مکانی جاری ہے۔

سیلاب کے باعث سڑکیں بند ہوگئیں، کالام میں پھنسے 1500 سیاحوں کو نکالنے کیلئے ہیلی آپریشن ہوگا۔ ادھر لوئردیر میں مکان کی چھت گرنے سے تین بچے جاں بحق ہوگئے۔

وادی سوات میں سیلابی ریلہ گزر گیا، پیچھے تباہی و بربادی کی داستانیں چھوڑ گیا، کالام، بحرین اور مدین میں سیکڑوں مکانات اور درجنوں ہوٹلز تباہ ہوگئے، پل بہہ گئے، دریائے سوات اور دریائے کنہار کا بپھرا پانی ہر شے تنکوں کی طرح بہا لے گیا۔

غذر میں لینڈسلائیڈنگ سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جان سے گئے، دیگر علاقوں میں راستے بند ہوگئے، سب سے بڑا ایوب برج بھی بند ہو گیا، مانا خیل کے مقام پر حفاظتی بند میں شگاف پڑنے سے پانی پولیس لائن میں داخل ہوگیا۔

صوبائی حکومت نے متاثرہ علاقوں میں سرکاری عمارتیں، اسکولز، کالجز اور دفاتر کو سیلاب زرگان کیلئے کھول دیا۔