Thursday, April 25, 2024

خیبر پختونخوا میں رواں سال دہشت گردی واقعات میں 116 پولیس اہلکار شہید ہوئے

خیبر پختونخوا میں رواں سال دہشت گردی واقعات میں 116 پولیس اہلکار شہید ہوئے
December 18, 2022 ویب ڈیسک

پشاور (92 نیوز) - خیبر پختونخوا میں رواں سال دہشت گردی کے مختلف واقعات میں 116 پولیس اہلکار وطن عزیز پر قربان ہوئے۔ سال 2022ء میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے 786 دہشت گردوں کو گرفتار کیا جن میں کئی انتہائی مطلوب دہشت گرد بھی شامل ہیں۔

خیبر پختونخوا میں سال دو ہزار بائیس کے دوران اب تک دہشت گردی کے واقعات میں 116 پولیس اہلکار شہید جبکہ 125 جوان زخمی ہوئے۔ محکمہ انسداد دہشت گردی کی رپورٹ کے مطابق رواں سال صوبہ بھر میں 2 ہزار 597 کارروائیوں کے دوران 786 دہشت گردوں کو پکڑا گیا جن میں 90 انتہائی مطلوب وہ دہشت گرد بھی شامل ہیں جن کی سروں کی قیمت مقرر کی گئی تھی۔

سرکاری رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف سرچ آپریشن کے دوران مجموعی طور 349 دستی بم، 16 خودکش جیکٹس، 80 ایس ایم جی گن اور 7 راکٹ لانچر برآمد ہوئے۔

رواں سال سی ٹی ڈی نے 11 ہزار 950 مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا۔ رپورٹ کے مطابق زیرحراست ملزموں میں سے 628 انتہائی مطلوب ملزمان بھی شامل ہیں۔