Sunday, May 19, 2024

کشمیر سے متعلق پاکستان کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں، بلاول بھٹو

کشمیر سے متعلق پاکستان کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں، بلاول بھٹو
May 5, 2023 ویب ڈیسک

گووا (92 نیوز) - وزیرخارجہ بلاول بھٹو کہتے ہیں کہ کشمیر سے متعلق پاکستان کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں۔

گوا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرخارجہ بلاول بھٹو بولے بھارت کو کشمیر سے متعلق چار اگست 2019 کی صورتحال پر واپس آنا ہوگا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت یکطرفہ اقدامات واپس لے کر مذاکرات کا ماحول بنائے، بھارت نے کشمیر پر نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی بھی خلاف ورزی کی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت دو طرفہ سمجھوتوں کی خلاف ورزی کرسکتا ہے تو بات چیت کا کیا مستقبل ہوگا؟ بھارت کے ساتھ ذاتی نہیں سفارتی نوعیت کے تعلقات کو بہتر کررہے ہیں، ہمیں کھیلوں کو سیاست سے الگ رکھنا چاہیے۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے دہشت گردی کو عالمی خطرہ قرار دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کیلئے افغانستان میں امن انتہائی ضروری ہے، افغانستان میں دہشت گرد گروہوں کا باہمی تعاون خطرے کی گھنٹی ہے، افغان عبوری حکومت عالمی اصولوں کا احترام کرے، دنیا بھی افغان حکومت کی مدد کرے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے جامع اور مجموعی کاوشیں کرنا ہوں گی۔ سب ممالک دیرینہ تاریخی، ثقافتی، تہذیبی اور جغرافیائی رشتوں میں بندھے ہیں۔

اجلاس کی سائیڈ لائن پر بلاول بھٹو کی تاجک ہم منصب سے ملاقات ہوئی، دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی اقتصادی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، بجلی ترسیلی منصوبے کی جلد تکمیل پر بھی اتفاق کیا۔