Saturday, September 21, 2024

خواتین کو بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیح، امین الحق

خواتین کو بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیح، امین الحق
December 12, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق کا کہنا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، نوجوانوں اور بچوں کو ڈیجٹل مہارتیں سکھانے کیلئے اقدام کر رہے ہیں۔

سوموار کو پاکستان آئی ٹی یو ڈیجیٹل انکلیوژن ویک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزارت آئی ٹی کا آئی سی ٹی فار گرلز پراجیکٹ خواتین کو بااختیار بنانے میں اہم اقدام ہے۔ بچوں کی آن لائن پروٹیکشن اور آئی سی ٹی تک رسائی کے حوالے سے سپورٹ پر شکرگزار ہے،

امین الحق نے کہا کہ مصنوعی ذہانت، بگ ڈیٹا، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، موبائل روبوٹکس وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہیں۔ ملک میں ڈیجیٹلائزیشن کے لیے موثر اقدامات کر رہے ہیں، شہری اور دیہی علاقوں کے مابین ڈیجیٹل تقسیم کے خاتمہ کے لیے پُرعزم ہیں۔ پسماندہ اور دوردراز علاقوں میں کینکٹوٹی کے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔

وزیر آئی ٹی کا مزید کہنا تھا کہ نیشنل آئی سی ٹی کونسل کا قیام برائے معذور افراد بڑا حوصلہ افزاء اقدام ہے۔ معذور افراد کو بھی ترقی کے یکساں مواقع فراہم ہونے چاہیئں۔ آئی ٹی کے استعمال سے معذور افراد کی زندگی میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ آئی ٹی یو ممبر ممالک کے مابین ڈیجیٹل منتقلی کے حوالے سے تعاون اہم ہے، وزارت آئی ٹی بہتر ڈیجیٹل مستقبل کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔