Saturday, July 27, 2024

خاتون جج کو دھمکی دینے پر توہین عدالت کیس، عمران خان نے بیان حلفی جمع کرا دیا

خاتون جج کو دھمکی دینے پر توہین عدالت کیس، عمران خان نے بیان حلفی جمع کرا دیا
October 1, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - خاتون جج کو دھمکی دینے کے توہین عدالت کیس میں عمران خان نے بیان حلفی جمع کرا دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائے گئے بیان حلفی میں عمران خان نے عدالت سے غیر مشروط معافی نہیں مانگی اور کہا کہ گذشتہ سماعت پر عدالت کے سامنے جو کہا اس پر مکمل عمل کروں گا، عدالت اطمینان کیلئے مزید کچھ کہے تو اس حوالے سے بھی مزید اقدام کرنے کو تیار ہوں، اگر جج سمجھیں کہ ریڈ لائن کراس کی تو معافی بھی مانگنے کو تیار ہوں۔

سابق وزیر اعظم عمران خان نے بیان حلفی میں کہا کہ 22 ستمبر کو عدالت میں دیے گئے بیان پر قائم ہوں اور اس پر عمل کروں گا، تقریر میں جج کو دھمکی دینے کا ارادہ نہیں تھا، ایکشن لینے سے مراد لیگل ایکشن کے سوا کچھ نہیں نہیں تھا۔

عمران خان نے گزشتہ سماعت پر عدالت سے معافی مانگی تھی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے گزشتہ سماعت پر عمران خان کو بیان حلفی جمع کرانے کا حکم دیا تھا ۔ ہائیکورٹ کا لارجر بینچ تین اکتوبر کو عمران خان توہین عدالت کیس کی سماعت کرے گا ۔