Friday, April 19, 2024

خاتون جج کو دھمکی دینے کا کیس، عمران خان کی 13 اکتوبر تک عبوری ضمانت منظور

خاتون جج کو دھمکی دینے کا کیس، عمران خان کی 13 اکتوبر تک عبوری ضمانت منظور
October 6, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں عمران خان کی 13 اکتوبر تک عبوری ضمانت منظور کر لی گئی۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس کی سماعت سیشن جج کامران بشارت مفتی نے کی۔ عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار بھی عدالت میں موجود ہیں ۔ جج نے استفسار کیا کیا یہ پہلی ضمانت کی درخواست ہے؟؟؟ وکیل بابر اعوان نے بتایا جی پہلی ہے اور ایک کیس بھی 13 اکتوبر کے لیے لگا ہوا ہے۔

عدالت  نے 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو آئندہ سماعت کے لیے نوٹس جاری کر دیا۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بابر اعوان نے کہا کہ حکومت نے کیسز کا لنڈا بازار لگا دیا ہے۔ عمران خان نے ایک بار بھی نہیں کہا کہ میں بیمار ہوں۔ ہم عنقریب اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے۔ لانگ مارچ کب کرنا ہے یہ عمران خان بتائے گا۔

بابر اعوان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف جو بات کرے گا وہ ہمیں قبول نہیں ہے۔ میں کہتا ہوں کہ سائفر مداخلت ہے، سازش ہے۔