Friday, March 29, 2024

عمران خان نے خاتون جج کو دھمکانے پر معافی مانگ لی، فرد جرم کی کارروائی مؤخر

عمران خان نے خاتون جج کو دھمکانے پر معافی مانگ لی، فرد جرم کی کارروائی مؤخر
September 22, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) – چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے خاتون جج کو دھمکانے پر معافی مانگ لی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہین عدالت کیس میں فرد جرم کی کارروائی مؤخر کردی۔

سماعت کے آغاز پر عمران خان نے کہا وہ اپنے کہے پر معذرت خواہ ہیں، خاتون جج کے پاس جاکر معافی مانگنے کو تیار ہیں اور یقین دلاتے ہیں آئندہ کبھی ایسا نہیں ہوگا۔

چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیئے خاتون جج کے پاس جانا یا نہ جانا آپ کا ذاتی فیصلہ ہوگا، آپکو غلطی کا احساس ہوا تو عدالت سراہتی ہے، آج فرد جرم عائد نہیں کرتے، آپ بیان حلفی جمع کرائیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس کی مزید سماعت 3 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میں اس وقت حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہا ہوں، میں مافیاز کے خلاف جنگ لڑ رہا ہوں، جس سے جنگ نہیں لڑنی وہ پاکستان کی عدلیہ ہے۔