Saturday, April 27, 2024

خاتون جج دھمکی کیس، عمران خان کی 7 اکتوبر تک عبوری ضمانت منظور

خاتون جج دھمکی کیس، عمران خان کی 7 اکتوبر تک عبوری ضمانت منظور
October 2, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) – خاتون جج کو دھمکانے کے کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی 7 اکتوبر تک عبوری ضمانت منظور کرلی گئی۔

جج دھمکی کیس میں عمران خان کی درخواست پر سماعت جسٹس محسن اختر کیانی نے ان چیمبر کی۔ عمران خان کی جانب سے بابر اعوان پیش ہوئے۔

بابر اعوان نے موقف اپنایا کہ ہائی کورٹ نے دہشت گردی کی دفعات ختم کیں تو انسداد دہشت گردی کی عدالت سے کیس منتقل ہونے پر ضمانت بھی مسترد ہو گئی، حکومت نے بدنیتی کے تحت مذموم مقاصد کے لیے جھوٹا مقدمہ بنایا، جس کا مقصد کرپشن مافیا کے خلاف پرامن تحریک کو روکنا ہے، عمران خان کے خلاف ابتدائی طور پر دہشت گردی کا مقدمہ بنایا گیا، میرے مؤکل کی ضمانت منظور کی جائے۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے استدعا منظور کرتے ہوئے دس ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کرلی، عدالت نے عمران خان کو متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 7 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

بابر اعوان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پوری ن لیگ عمران خان کو گرفتار کرنے کے لیے تڑپ رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان پر جو دفعہ لگی ہیں وہ قابل ضمانت ہیں۔