Friday, March 29, 2024

خارکیو میں روسی افواج کی گولہ باری سے پندرہ شہری ہلاک

خارکیو میں روسی افواج کی گولہ باری سے پندرہ شہری ہلاک
June 22, 2022 ویب ڈیسک

کیف (92 نیوز) - خارکیو میں روسی افواج کی گولہ باری سے پندرہ شہری ہلاک ہو گئے۔

روس نے کئی ہفتے بعد ایک بار پھر خارکیو کا محاذ کھول دیا۔ یوکرینی شہر خارکیو دھماکوں سے گونج اٹھا۔ خبر ایجنسی کے مطابق روسی افواج کی گولہ باری سے 15 شہری ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ انفراسٹرکچر بھی تباہ کر دیا گیا۔

روس نے یورپی یونین میں واقع اپنے خطے کلینن گراڈ جانے والی ٹرین روکنے پر لتھوینیا کو سنگین نتائج کی دھمکی دے دی ہے۔ روسی ٹرین ماسکو سے سامان لے کر کلینن گراڈ جا رہی تھی۔ روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ لتھونیا جلد اس حرکت کا جواب دیا جائے گا تاہم لتھونیا کے وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ ٹرین کو یورپی یونین کی پابندیوں کے باعث روکا گیا۔

ادھر روسی ہیلی کاپٹر نے اسٹونیا کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے جس پر اسٹونیا نے روسی سفیر کو طلب کرکے احتجاج کیا۔ اسٹونین وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ روس اپنے پڑوسیوں کو دھمکیاں دینا بند کر دے۔

ادھر روسی صدر نے اعلان کیا ہے کہ بین البراعظمی بیلسٹک میزائل رواں سال کے آخر تک فوج کے حوالے کر دیا جائے گا۔ ملٹری اکیڈمی کے گریجوایٹس سے خطاب کرتے ہوئے ولادی میرپوٹن نے بتایا کہ یہ میزائل 10 سے زائد ایٹمی وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

بر طانیہ نے یوکرین کو مزید ہتھیار دینے کا اعلان کیا ہے۔ برطانوی وزیرخارجہ لزٹرس کا کہنا ہے کہ روس پر پابندیاں لگانے کا عمل جاری رہے گا۔