Friday, April 19, 2024

کڑاکے کی سردی نے خون جما دیا، بالائی علاقوں میں برفباری سے ٹھنڈ کے ڈیرے

کڑاکے کی سردی نے خون جما دیا، بالائی علاقوں میں برفباری سے ٹھنڈ کے ڈیرے
January 22, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - کڑاکے کی سردی نے خون جما دیا، بالائی علاقوں میں برفباری سے ٹھنڈ کے ڈیرے۔ مری اور گلیات میں برفباری سے موسم مزید سرد ہوگیا۔ پنجاب کے کئی اضلاع میں دھند چھائی رہی، محکمہ موسمیات نے مزید بارش اور برفباری کی پیشگوئی کردی۔

ملک بھر میں بارش اور برفباری کے ساتھ برفانی ہواؤں نے سرد موسم کو اور بھی سرد کردیا۔ اسلام آباد میں مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

گلیات اور گردونواح میں بھی پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی، نتھیاگلی اور ٹھنڈیانی میں موسم ٹھنڈا ٹھار ہوگیا۔ خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، بونیر اور شانگلہ میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوگی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان اور سندھ میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ استور منفی 9، ہنزہ منفی 7 جبکہ سکردو کا درجہ حرارت منفی 6 تک گر چکا ہے۔