Tuesday, April 16, 2024

بھارت کے تمام تر حربوں کے باوجود  تحریک آزادی آگے بڑھ رہی ہے : نوازشریف

بھارت کے تمام تر حربوں کے باوجود  تحریک آزادی آگے بڑھ رہی ہے : نوازشریف
October 5, 2016
اسلام آباد(92نیوز)وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ بھارت کے تمام تر حربوں کے باوجودمقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی آگے بڑھ رہی ہے ، بھارت عالمی برادری سے کئے گئے وعدے سے کشمیر کو محروم نہیں رکھ سکتا ۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا ہے کہ برہان وانی کی شہادت کشمیر کوکی آزادی کو فیصلہ کن موڑ پر لے آئی ہے ۔کشمیریوں کے خون نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو پھر سے جگا یا ہے۔ جبکہ عالمی برادری اقوام متحدہ کی قراردادوں پر فوری طور پر عمل کرے۔ان کا کہنا تھا کہ  مقبوضہ کشمیر آتش فشاں کی طرح سلگ رہا ہے عالمی برادری کو بتایا کہ کشمیریوں کی نئی نسل اٹھ کھڑی ہوئی ہے کشمیریوں کو اندھا کرنےسے تحریک کا راستہ نہیں روکا جاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے ظلم کی آزادانہ تحقیقات کی جائیں اور جموں و کشمیر سے بھارتی مسلح افواج کے انخلا کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں ۔وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے حل ہونا چاہیے ۔ چین ،فرانس اور دیگر ممالک کے سربراہان کو بھی خطوط لکھے  عالمی رہنماوں سے ملاقاتیں بھی کی ہیں کیونکہ حکومت معاملات کی سنگینی سے آگاہ ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ  اڑی کا واقعہ عین اس وقت پیش آیا جب نیو یارک کے لیےروانہ ہوچکا تھا  کسی بھی تحقیق کے بنا 6گھنٹوں کے اندر بھارت نے حملے کی ذمہ داری پاکستان پر ڈالی ، پاکستان کو ذمہ دار قرار دینے سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ارادے کیا تھے ۔ نواز شریف نے کہا کہ اٹھائیس ستمبر کو بھارت نے معاہدہ توڑتے ہوئے ایل او سی پر فائرنگ لیکن ہم ہماری فوج نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے دشمن کی گنوں کو خاموش کرادیا ۔ انہوں نے کہا کہ جن کھیتوں میں بارود بویا جائے وہاں پھول نہیں کھل سکتے ، اس خطے میں انقلاب چاہتے ہیں تو خون کا کھیل بند کیا جائے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ  پاکستان دنیا میں سب سے زیادہ دہشت گردی کا نشانہ بناہے۔