Friday, March 29, 2024

مقبوضہ کشمیر : جاوید میر کی شہادت کے بعد مظاہروں میں شدت آ گئی

مقبوضہ کشمیر : جاوید میر کی شہادت کے بعد مظاہروں میں شدت آ گئی
October 24, 2016
سرینگر (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت کے خلاف کشمیری سراپا احتجاج ہیں۔ مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال ہے جبکہ نوجوان جاوید میر کی شہادت پر ہونے والے مظاہرے شدت اختیار کر گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشت گردی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ مقبوضہ وادی میں بھارتی فورسز کے مظالم کے خلاف آج بھی ہڑتال کی کال دی گئی ہے۔ تمام مرکزی بازار، کاروباری و تعلیمی ادارے اور پٹرول پمپس بند اورجگہ جگہ بھارتی فوج ناکہ لگائے کھڑی ہے۔ بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیری نوجوان جاوید میر کی شہادت کے بعد احتجاجی مظاہروں نے مزید شدت اختیار کر لی ہے۔ گزشتہ روز بھی وادی بھر میں کشمیری جاوید میر کی شہادت کےخلاف سراپا احتجاج بنے رہے اور گو انڈیا گو اور گو مودی گو کے نعرے لگاتے رہے۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے بھارتی فورسز نے روایتی طاقت کا مظاہرہ کیا اور قابض فوج کی فائرنگ سے درجنوں بے گناہ شہری زخمی ہو گئے۔ واضح رہے کہ آٹھ جولائی کو کشمیری نوجوان برہان وانی کی شہادت کے بعد سے بھارتی فوج نے اب تک پیلٹ گن اور دوسرے مہلک ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے ایک سو گیارہ نہتے کشمیریوں کو شہید اور چودہ ہزار سے زائد کو زخمی کر دیا ہے۔