Sunday, September 8, 2024

کشمیر کے بغیر بھارت سے مذاکرات نہیں ہوسکتے : فریال  تالپور

کشمیر کے بغیر بھارت سے مذاکرات نہیں ہوسکتے : فریال  تالپور
August 28, 2015
اسلام آباد(92نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما فریال تالپور نے کہا ہے کہ کشمیر کے بغیر بھارت سے مذاکرات نہیں ہو سکتے،بہت ہو چکا اب پڑوسی ملک کے ساتھ بات تب ہو گی جب مسئلہ کشمیر ایجنڈے پر سرفہرست ہو گا۔ کشمیر ہاوس اسلام آباد میں شہدائے کشمیر، لائن آف کنٹرول کے متاثرین اور مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے منعقدہ تقریب سے خطاب میں فریال تالپور کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ میں نہتے شہریوں کی ہلاکت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں،جموں وکشمیر کے پر امن تصفیہ کے لئے جدوجہد کرتے رہیں گے، فریال تالپور نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل خطے میں امن و استحکام کی ضمانت ہے، اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو اس پر توجہ دینی ہو گی،ہمیں بھی کشمیر کا جھنڈا اٹھا کر کشمیر کی آزادی کے لئے لڑنا ہو گا۔ صدر آزاد کشمیر سردار یعقوب خان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کی سیاست مسئلہ کشمیر پر آکر ختم ہو جاتی ہے، اس معاملہ پر تمام جماعتوں کا موقف ایک ہے،ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے کردار کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے کردار کا معترف ہوں،جبکہ وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ کشمیری اپنے موقف پر قائم ہیں، اور ریاست پاکستان کی مضبوطی کے لئے جانوں کے نذرانے دے رہے ہیں،پیپلز پارٹی کشمیر کے حوالے سے اپنے وعدے پورے کرے گی،تقریب سے حریت کانفرنس گیلانی گروپ اور میر واعظ گروپ کے کنوینئرز نے بھی خطاب کیا۔