Friday, September 29, 2023

کاروباری برادری کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے، انوار الحق کاکڑ

کاروباری برادری کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے، انوار الحق کاکڑ
September 7, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ کاروباری برادری کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے، کاروباری برادری خراب معاشی صورتحال کے باوجود ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہے اور لوگوں کو روزگار فراہم کررہی ہے۔

نگران وزیرِ اعظم سے اسلام آباد چیمبر کے وفد نے ملاقات کی، وفد نے انوارالحق کاکڑ کو تاجر برادری کے مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے حل کیلئے اپنی تجاویز بھی پیش کیں، نگران وزیرِ اعظم نے وفد کی تجاویز کا خیر مقدم کیا اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت ٹیکس کا نظام ڈیجٹلائز کررہی ہے، اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

نگران وزیرِ اعظم سے نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی اور نگران وزیرصحت ڈاکٹر ندیم جان نے بھی ملاقاتیں کیں اور اپنے اپنے محکموں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا، اس کے علاوہ معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانیز جواد سہراب ملک بھی وزیراعظم سے ملے، وزیراعظم نے کہا کہ اوور سیز پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، جن کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے بوہری کمیونٹی کے 4رکنی وفد نے شہزادہ حسین برہان الدین کی زیر قیادت ملاقات کی، وزیراعظم نے ملاقات میں ملک میں معاشی، سماجی، تعلیمی اور دیگر شعبوں میں بوھرہ کمیونٹی کی خدمات کو سراہا۔